بنگلورو،30؍اگست (ایس او نیوز) ریاستی وزیر پرائمری اور سکینڈری تعلیم ایس سریش کمار نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے ایس ایس ایل سی اور پی یو سی بورڈ کے انضمام کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2021 کے ایس ایس ایل سی اور پی یو سی سال دوم کے سالانہ امتحانات ایک ہی بورڈ کے تحت منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ایس ایس ایل سی اور پی یو سی بورڈ کے انضمام کے سلسلے میں فیصلہ سال 2017 میں ریاست میں سدارامیا کی قیادت میں کانگریس حکومت کے دوران کیا گیا تھا۔ لیکن 3 سال گزرنے کے بعد بھی فیصلہ پر اب تک عمل نہیں کیا جاسکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد دونوں بورڈ کا انضمام عمل میں آئے گا، اس سلسلے میں محمکمہ تعلیمات کی طرف سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے ملک میں نئی تعلیمی پالیسی کے اعلان کے بعد سے ہی ریاستی حکومت نے ایس ایس ایل سی اور پی یو سی بورڈ کے انضمام کے لئے تیاریاں شروع کردی تھیں۔ مرکزی حکومت کی نئی تعلیمی پالیسی میں تعلیم کے شعبہ میں ہمہ جبت ترقی پر کافی زور دیا گیا ہے۔ طلبہ کو شروعاتی جماعتوں سے ہی مختلف صلاحیتوں پر مبنی تعلیم کے لئے خصوصی توجہ دی جائے گی، اس کے لئے دونوں بورڈ کے انضمام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کانگریس حکومت کے دوران انضمام کا فیصلہ لینے کے بعد بھی اس فیصلہ پر عمل نہیں کیا جاسکا تھا لیکن موجودہ بی جے پی حکومت نے اس سمت میں پہل کرتے ہوئے انضمام کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ انضمام کا طریقہ کا رطے کی ذمہ داری ایس ایس ایل سی بورڈ کو دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں اگلے ہفتہ ایس ایس ایل سی اور پی یو سی بورڈ کے افسروں کا اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے۔